ڈی جی خان : پی ڈی ایم کے سربراہ اور جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دھاندلی اور پیچھے کے راستے سے اقتدار میں نہیں آئیں گے بلکہ عوام کے ووٹ کے ذریعے حکومت بنائیں گے۔
ڈی جی خان میں پی ڈی ایم کے جلسےسے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکا اب سپر پاور نہیں رہا اسے افغانستان میں بدترین شکست ہوئی لیکن پاکستان اب بھی اس کی کالونی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا کو بتایا کہ یہ حکومت جعلی ہے ۔ پہلے وہ نااہل تھے اب تو نالائق بھی ثابت ہوئے ہیں۔اب ہمارے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا تو بغاوت کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام نیب کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ۔ نیب کو حکومت کی کرپشن نظر نہیں آتی عمران خان کے کہنے پر اپوزیشن رہنماؤں کے پیچھے پڑا ہے۔ اس طرح کے احتساب نہیں چلیں گے ان حکمرانوں کو جواب دینے کیلئے تیار نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ 25 جولائی 2018 ء پاکستان کی جمہوری اور پارلیمانی تاریخ کا بدترین دن تھا اس دن عوام کے ووٹوں کو چوری کیا گیا۔ایک نااہل کو پاکستان کا حکمران بنادیا گیا جس نے ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر کمزور کیا۔
انہوں نے کہا کہ بدلیاتی نہیں جنرل الیکشن جلد ہوں گے ہماری تحریک رکے گی نہیں ۔ عمران خان اب شکست کھا چکا ہے ۔پی ڈی ایم قوم کے شانہ بشانہ بنے رہیں گے ۔ ہم عوام کے ساتھ ہیں اور حکومت کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
تبصرے بند ہیں.