وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

119

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا ۔ جس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق ، اجلاس میں وفاقی وزراء کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان ، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی بی شرکت کریں گے ۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نور الحق قادری شرکاء کو بریفنگ دیں گے ۔ شیخ رشید کالعدم تنظیم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہان کو آگاہ کریں گے اور موجودہ صورتحال پر قومی سلامتی کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے ۔

اجلاس میں ٹی ایل پی کے احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور پر بھی غور کیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ، اجلاس میں تینوں سروسز چیفس نے شرکت کی جس میں مختلف سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں تیزی سے بدلتی صورتحال اور پیشرفت کے تناظر میں تزویراتی و روایتی پالیسیوں پر بات ہوئی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خطے میں دیرپا ترقی کے لئے افغانستان میں امن کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ درپیش چیلنجز ، تینوں مسلح افواج کے ورک پلان اور آپریشنل تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

عسکری قیادت نے دفاعی افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا گیا ۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آفس سٹاف کمیٹی نے کہا کہ جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز قومی امنگوں کے مطابق کام کر رہا ہے تاکہ پاکستان کے دفاع اور قومی سلامتی کا تحفظ کیا جاسکے ۔

تبصرے بند ہیں.