یہودی آبادی کی تعمیر پر امریکی وزیرخارجہ نے اسرائیلی وزیردفاع کو کھری کھری سنادیں

141

واشنگٹن :  مغربی کنارے میں نئی  یہودی آباد یاں بنانے پر امریکی وزیرخارجہ اسرائیلی وزیردفاع پر برس پڑے ۔انٹونی بلنکن نے بینی گینٹرز کو کہا کہ نئی آبادیاں ناقابل قبول ہیں فیصلے پر نظر ثانی کی جائے  ۔

تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن  اور اسرائیلی وزیردفاع بینی گینٹرز کے درمیان مختلف امور بارے ٹیلی فون پر بات چیت ہورہی تھی دوران گفتگو جب مغربی کنارے پر یہودی بستیوں کی تعمیر کی بات ہوئی تو امریکی وزیردفاع نے تعمیر نو پر شدید احتجاج کیا ۔جس پر دونوں عہدیداروں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مغربی کنارے میں مزید یہودی بستیوں کی تعمیر پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نئی آبادیاں ناقابل قبول ہیں لہذا اس فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔

خبررساں ادارے کے مطابق دونوں کے درمیان گفتگو انتہائی کشیدہ ماحول میں ہوئی جب کہ اس دوران امریکی وزیر خارجہ اور اسرائیلی وزیر دفاع کے درمیان سخت جملوں کا  تبادلہ بھی ہوا ہے۔

اسرائیلی حکام کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکا نے اس معاملے پر اسرائیل کو زرد کارڈ دکھایا ہے۔

 دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ہم امریکی خدشات کو سمجھتے ہیں تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ جن مکانات کی منظوری دی گئی اس کی تعداد کو کم کیا جائے۔

واضح رہے کہ امریکا نے مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے آبادکاری کے فیصلے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس فیصلے سے اسرائیلی اور فلسطین کے درمیان امن عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔

تبصرے بند ہیں.