ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، اسکاٹ لینڈ کو نمیبیا کے ہاتھوں سے شکست

75

ابوظبی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے میچ میں نمیبیا نے اسکاٹ لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نمیبیا نے 110 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

 

گروپ 2 کے میچ میں نمیبیا کے کپتان اراسمس نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔ اسکاٹ کے کپتان کائل کوئٹزر انگلی میں تکلیف کے باعث آج کا میچ نہیں کھیل رہے ہیں ، ان کی جگہ رچی بیرینگٹن کو کپتانی کے فرائض دیے گئے ہیں۔

 

اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے ،لیسک 44 اور کرس گریوز 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔اسکاٹ لینڈ کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا اور پہلے اوور میں ہی اس کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔  یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دوسری بار ہوا کہ کسی بھی ٹیم کے 3 کھلاڑی پہلے اوور میں آؤٹ ہوجائیں۔

 

اس سے قبل2009 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑی سری لنکا کے خلاف پہلے اوور میں آؤٹ ہوئے تھے۔ نمیبیا کی جانب سے روبن ٹرومپلمین نے 3اور جین فریلنک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 110 رنز کا ہدف نمیبیا نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، جے جے سمٹ 32 اور کریگ ولیئمز 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔

 

 

واضح رہے کہ نمیبیا نے سپر 12 مرحلے میں آج اپنا پہلا میچ کھیلا جبکہ اسکاٹ لینڈ کو مسلسل دوسرے میچ میں بھی شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ اس سے قبل افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو 130 رنز سے ہرایا تھا۔

تبصرے بند ہیں.