موجودہ حکمرانوں نے عوام سے آئینی آزادی بھی چھین لی، بلاول بھٹو

84

لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جس معاملے میں ہاتھ ڈالا اور وہاں پر ہی تباہی آئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے قائد عوام روڈ پر واقع آصف سومرو کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور آصف سومرو سے انکی والدہ اور عبدالرزاق سومرو سے انکی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس معاملے میں ہاتھ ڈالا اور وہاں پر ہی تباہی آئی جبکہ موجودہ حکمرانوں نے عوام سے آئینی آزادی بھی چھین لی اور ہم اقتدار کیلئے نہیں خدمت کی سیاست کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا جبکہ عوام کو گیس اور بجلی کے مہنگے بلوں کی صورت میں موجودہ حکومت کی نااہلی کو بھگتنا پڑ رہا ہے جبکہ آج بھی پاکستان کے ہر آدمی کا نعرہ روٹی، کپڑا اور مکان ہے جسے عمران خان چھین رہا ہے۔

ادھر وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق قیمتوں کے حساس اعشاریے (ایس پی آئی) کے مطابق اکتوبر 2018 سے اکتوبر 2021 تک بجلی کے نرخ 57 فیصد اضافے سے 4 روپے 06 پیسے فی یونٹ سے بڑھ کر کم از کم 6 روپے 38 پیسے فی یونٹ کی سطح پر آگئے۔

اکتوبر کی پہلی سہ ماہی تک ایل پی جی کے 11.67 کلو گرام سلنڈر کی قیمت 51 فیصد اضافے کے بعد 1536 روپے سے بڑھ کر 2322 روپے کی سطح پر پہنچ گئی اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں تین سال کے دوران 49 فیصد تک اضافہ ہوا اور فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 93 روپے 80 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 138 روپے 73 پیسے ہوگئی ہے۔

کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ خوردنی گھی وتیل کی قیمتوں میں ہوا، گھی کی فی کلو قیمت 108 فیصد اضافے سے 356 روپے تک پہنچ گئی، خوردنی تیل کا 5 لیٹر کا کین 87 اعشاریہ 60 فیصد اضافے کے بعد 1783 روپے کا ہوگیا۔

تبصرے بند ہیں.