پاکستان مضبوط ٹیم، اہم میچ کیلئے متوازن کمبی نیشن بنایا ہے: ویرات کوہلی

121

دبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ میں پاکستان کو ہمیشہ مضبوط ٹیم مانتا ہوں لیکن ہم ہر میچ میں تیاری کے ساتھ جاتے ہیں اور اس میچ کیلئے بھی متوازن کمبی نیشن بنایا ہے۔ 
ویرات کوہلی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم بہت مضبوط ہے جس کے خلاف میچ کیلئے ہم نے اپنے کمبی نیشن پر بات کی ہے اور بہت متوازن کمبی نیشن بنایا ہے تاہم اس بارے میں ابھی نہیں بتاؤں گا، ٹیم کے تمام کھلاڑی اچھا کھیل رہے ہیں اور جسے بھی موقع ملے گا، امید ہے کہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ 
بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے خلاف اہم میچ کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ہر کھلاڑی عمدہ کارکردگی دینے کیلئے پراعتماد ہے، یہ سچ ہے کہ اس میچ کا دباؤ زیادہ ہوتا ہے لیکن ہمیں صرف کرکٹ پر توجہ دینی ہے، میچ سے باہر بہت کچھ ہوتا ہے مگر اس سے ہماری ذہنیت میں کوئی فرق نہیں آتا۔ 
ویرات کوہلی نے کہا کہ ہم نے کبھی اس بارے میں بات نہیں کی کہ ہمارا پاکستان کے خلاف کیا ریکارڈ رہا ہے، ہم ماضی کے ریکارڈ کو نہیں دیکھتے کیونکہ اس سے توجہ ہٹ جاتی ہے بلکہ ہم ہر میچ کیلئے مکمل تیاری کیساتھ میدان میں اترتے ہیں اور ہر کھلاڑی کو اپنے کردار کا علم ہوتا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.