پاکستان نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے

156

اسلام آباد:پاکستان نے آئی ایم ایف کی شرائط مان لیں ۔ عالمی قرض پروگرام کی بحالی کا حتمی اعلان آئی ایم ایف بورڈ کرے گا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وفد اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف ) کے درمیان مذاکرات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں تاہم وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قرض پروگرام بحالی کے لیے پاکستان کو آئی ایم ایف کی  نئی شرائط پرعمل درآمد کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو ٹیکس محاصل بڑھانے کے اقدامات کرنا ہوں گے اور نجکاری پروگرام پرمکمل عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ اس کے علاوہ  پاور سیکٹر اصلاحات سے متعلق شرائط پر عمل درآمد بھی یقینی بنانا ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستانی وزارت خزانہ کے پلان کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور اپنی شرائط پاکستان کے سامنے رکھیں جو منظور کرلی گئیں ۔ آئی ایم ایف ترجمان کے مطابق پاکستان کے لئے قرض پروگرام کی بحالی کا اعلان آئی ایم ایف کا بورڈ کرے گا ۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کو معاشی اہداف پرنظرثانی کی تجویز دی ہے جب کہ شرح سودبڑھانے اور ڈالرکا مارکیٹ ریٹ مقررکرنےکی بھی شرط عائدکی  ہے۔

دوسری جانب وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا ہےکہ آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں اور جیسے ہی مذاکرات مکمل ہوں گے، اعلامیہ جاری کردیا جائےگا ۔

یاد رہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ قرض بحالی پروگرام کے لئے مذاکرات کررہا ہے جس میں شرکت کے لئے پاکستان کا اعلیٰ وفد اس وقت نیویارک میں ہے ۔

تبصرے بند ہیں.