نئی دلی: انڈین پولیس نے مشہور کہاوت ” چور کو پڑ گئے مور” کو درست ثابت کرتے ہوئے چوروں کو ہی لوٹ لیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق رواں ماہ 15 اکتوبر کو انڈیا کے علاقے فیروز آباد میں سامان کی ترسیل کرنے والے ایک رکشا سے ایک لاکھ 10 ہزار روپے کی رقم چوری ہو گئی۔ رکشا ڈرائیور نے پریشانی کے عالم میں فوری طور پر اس واقعے کی رپورٹ تھانے میں جمع کرائی۔
پولیس نے رپورٹ پر ایکشن لیتے ہوئے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی تاکہ چوروں کا پتا چلایا جا سکے، اس کے بعد پورے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے جلد ہی انھیں گرفتار کر لیا گیا۔
جب چوروں سے پوچھ گچھ کی گئی تو انہوں انکشاف کیا کہ رکشے سے چرائی گئی رقم تو پولیس والوں نے چھین لی ہے۔
چوروں کے الزام پر جب کیس کی تفتیش شروع کی گئی تو پتا چلا کہ ناکے پر تعینات ایک افسر اور دیگر اہلکاروں نے ناصرف رقم چھینی بلکہ انھیں اپنی گاڑی میں بٹھا کر بحفاظت فیروز آباد کی سرحد بھی عبور کروائی۔
چوروں کو لوٹنے والے پولیس اہلکاروں کی پوری ٹیم کو حراست میں لے کر ان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مطلوبہ رقم بھی برآمد کرکے رکشا ڈرائیور کے حوالے کر دی گئی ہے۔ چوروں کو لوٹنے والے ان اہلکاروں میں ایک اے ایس آئی، 2 کانسٹیبل اور ایک ڈرائیور شامل ہے۔
تبصرے بند ہیں.