شکیب الحسن کی عمدہ آل راﺅنڈ پرفارمنس، بنگلہ دیش سپر 12 مرحلے میں پہنچ گئی

94

ابوظہبی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے 9 ویں میچ میں بنگلہ دیش نے شکیب الحسن شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت پاپوانیوگنی کو 84 رنز سے شکست دے کر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔
الامیرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے پاپوانیوگنی کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔ کپتان محمود اللہ نے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے اور شکیب الحسن نے 37 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے جبکہ لٹن داس 29، مشفیق الرحیم 5، سیف الدین 19 اور مہدی حسن نے 2 رنز بنائے۔
پاپوانیوگنی کی جانب سے کابووا موریا سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیمین راوو اور اسد والا نے بھی 2,2 وکٹیں حاصل، سائمن اتائی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں پاپوانیوگنی کی ٹیم سپن جال میں پھنس گئی اور صرف 97 رنز ہی بنا سکی جبکہ اس کے 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ وکٹ کیپر بلے باز کیپلن دوریگا نے 34 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں محض 9 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد سیف الدین اور تسکین احمد نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں اور مہدی حسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی قیادت محمود اللہ کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد نعیم، لٹن داس، مہدی حسن، شکیب الحسن، نورالحسن، عفیف حسین، مشفیق الرحیم، محمد سیف الدین، تسکین احمد اور مستفیض الرحمان شامل تھے۔
پاپوانیوگنی کی قیادت اسد والا کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں لیگا سیاکا، چارلز امینی، سیسی باؤ، سائمن اتائی، ہیری ہیری، نورمین وانووا، کپلن دوریگا، شیڈ سوپر، کابووا موریا اور ڈیمین راوو شامل تھے۔

تبصرے بند ہیں.