واشنگٹن: امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ( ایف ڈی اے ) نے کورونا بوسٹر ویکسین کیلئے ’مکس اینڈ میچ‘ حکمت عملی کی اجازت دیدی ہے۔
ایف ڈی اے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بوسٹر ویکسین کیلئے اہل افراد بنیادی ویکسی نیشن کے بعد فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن میں سے کسی کا بھی انتخاب کرسکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایک کمپنی کی کورونا ویکسین کی مکمل خوراکوں کے بعد کسی دوسری کمپنی کی بوسٹر خوراک لگوائی جا سکتی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ویکسین کی پہلی ڈوز کے بعد دوسری ڈوز کیلئے کسی دوسری ویکسین کے استعمال کی حوصلہ افزائی نہیں کی جا سکتی تاہم اگر کوئی شخص کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکا ہے تو بوسٹر شاٹ کیلئے بھی اسی ویکسین کے استعمال کو ترجیح دی جانی چاہئے جس کی 2 خوراکیں پہلے لی گئی ہوں۔
کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کیلئے مکس اینڈ میچ حکمت عملی کا فیصلہ حکومتی فنڈز کے ذریعے کئی گئی ایک تحقیق کے نتائج سامنے آنے کے بعد کیا جنہیں ریسرچرز نے ماہرین کی ایک کمیٹی کے سامنے پیش کیا جس نے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو اس بارے میں بریفنگ دی۔
نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ موڈرنا کی سنگل ڈوز لینے والے افراد کو جب موڈرنا بوسٹر ڈوز دی گئی تو ان کی اینٹی باڈیز میں 15 روز کے دوران ’75 فولڈ‘ اضافہ دیکھنے میں آیا لیکن اس کے برعکس موڈرنا کی سنگل ڈوز کے بعد جانسن اینڈ جانسن کی بوسٹر ڈوز لینے والے افراد کی اینٹی باڈیز میں خاطرخواہ اضافہ نہ ہوا۔
تبصرے بند ہیں.