ویسٹ انڈیز کے فیبین ایلن ٹی 20 ورلڈکپ سے باہر ہو گئے

100

دبئی: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فیبین ایلن ٹخنے کی انجری کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ 
آئی سی سی کے مطابق فیبین ایلن ٹخنے کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ عقیل حسین کو ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جس کی منظوری آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے دیدی ہے۔ 
ویسٹ انڈیز کے 28 سالہ عقیل حسین نے چھ ٹی 20 انٹرنیشنل اور 9 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کر رکھی ہے اور انہیں بدھ کے روز افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ 
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے اس سے قبل پاکستان کے خلاف وارم اپ میچ کھیلا تھا جس میں اسے 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آئی سی سی اکیڈمی گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 130 رنز بنائے تھے اور قومی ٹیم نے مقررہ ہدف 16 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔ 
پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے تھے اور فخر زمان نے 24 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی جبکہ محمد رضوان 13 رنز بنا سکے تھے۔ 

تبصرے بند ہیں.