دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے، شیخ رشید

98

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کا پیشگی سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام پیش کیا ہے۔

 

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آبدوز حمزہ کے دورے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر میرا یقین مزید پختہ ہو گیا ہے۔ بھارت شاید بھول بیٹھا تھا کہ پاک بحریہ ہمہ وقت مستعد اور چوکس ہے جبکہ دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے۔ 

 

انہوں نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  بھارتی آبدوزکا سراغ لگانے پر پاک بحریہ کوسلام پیش کرتا ہوں۔ ملکی دفاع میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا پہلے ہی بہت معترف ہوں۔

 خیال رہے کہ بھارتی سب میرین نے 16 اکتوبر کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی مگر پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت سے بھارتی عزائم ناکام بنا دئیے۔ لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ائیرکرافٹ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا اور سب میرین کے پاکستانی حدود میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ نے تیسری بار بھارتی سب میرین کا سراغ لگایا اور پاک بحریہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں ہمہ وقت چوکنا ہے اور میری ٹائم سرحدوں کا دفاع یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں ، بھارت کی بزدلانہ کوششیں قابل مذمت ہیں۔

تبصرے بند ہیں.