لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءپرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 133 لاہور پر ضمنی انتخاب 5 دسمبر کو ہو گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حلقہ این اے 133 لاہور کی نشست پر کاغذات نامزدگی 21 سے 25 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں اور کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے پر 3 نومبر تک اعتراضات دائر کئے جا سکیں گے جبکہ اپیلوں پر فیصلوں کی آخری تاریخ 9 نومبر ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست 10 نومبر کو شائع کی جائے گی جبکہ امیدوار 11 نومبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ این اے 133 لاہور کے ضمنی انتخابات کیلئے انتخابی نشان 12 نومبر کو الاٹ کئے جائیں گے، نذرعباس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ہوں گے جبکہ سید باسط علی شاہ آر او کے فرائض نبھائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مسلسل رکن قومی اسمبلی رہنے والے پرویز ملک گزشتہ ہفتے دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے اور ان کی نماز جنازہ میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر محمد بھٹی، سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج عمر عطاءبندیال اور سابق گورنر لطیف کھوسہ سمیت متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔
تبصرے بند ہیں.