شوکت ترین وزیراعظم کے مشیر تعینات، نوٹیفکیشن جاری

142

اسلام آبا: سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کا مشیر مقرر کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
وفاقی حکومت نے شوکت ترین کی بطور وفاقی وزیر مدت ختم ہونے پر انہیں مشیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہیں 6 ماہ کیلئے وفاقی وزیر بنایا گیا تھا اور آئین کے مطابق 6 ماہ کے دوران رکن پارلیمینٹ نہ بننے کی صورت میں عہدہ چھوڑنا لازم ہوتا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق شوکت ترین کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کا مشیر برائے خزانہ بنا دیا گیا ہے اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کیساتھ ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ شوکت ترین اہم کمیٹیوں کی سربراہی نہیں کر سکیں گے جبکہ ای سی سی سمیت دیگر کابینہ کمیٹیوں کی صدارت کے بھی اہل نہیں رہے۔ 
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے وزیر خزانہ شوکت ترین کو خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور سینیٹر منتخب ہونے کے بعد شوکت ترین کو دوبارہ وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ ہوا تھا۔ 
لیکن اسحاق ڈار کی نشست پر انتخابات ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق نہ ہونے کی وجہ سے شوکت ترین سینیٹر نہ بن سکے اور وفاقی حکومت نے اسحاق ڈار کی نشست پر سپریم کورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کیساتھ مذاکرات کیلئے امریکہ میں موجود شوکت ترین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات جاری ہے اور انشاءاللہ کامیابی حاصل ہو گی، آئی ایم ایف کے شرائط کے باوجود ریڈ لائن عبور نہیں کریں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تاثر دیا جارہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں، یہ تاثر غلط ہے کیونکہ ابھی آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں اور انشاءاللہ ان مذاکرات میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہو گی۔

تبصرے بند ہیں.