فضل محمود اور عبدالقادر پی سی بی کے ہال آف فیم میں شامل

100

لاہور: سابق کپتان فضل محمود اور عبدالقادر کو پی سی بی کے ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس آئی سی سی ہال آف فیمرز کی حیثیت سے پی سی بی کے ہال آف فیم میں شامل ہو چکے ہیں۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق ان دونوں کھلاڑیوں کو ووٹنگ کے ایک شفاف عمل کے تحت پی سی بی کے ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس عمل کے تحت پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی نے چند نامور کھلاڑیوں کی فہرست تشکیل دی۔

اس فہرست میں انہیں شامل کیا گیا جنہیں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیے ہوئے کم از کم پانچ سال کا عرصہ گزر چکا ہو۔ اس حوالے سے 13 رکنی آزاد ووٹنگ پینل میں آئی سی سی ہال آف فیم کے تین ارکان، پاکستان کے چار سابق کپتانوں اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے چھ صحافیوں نے ووٹ کا استعمال کیا۔

ایک انٹرنل آڈیٹر نے اس عمل کی نگرانی کی۔چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ نے کہا ہے کہ ہم سب جانتے ہیں کہ فضل محمود اور عبدالقادر دو مختلف ادوار میں کرکٹ کے لیجنڈز رہے ہیں، ان دونوں کھلاڑیوں کو اپنے ساتھیوں اور مداحوں کی طرف سے پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرنا ان کی مقبولیت اور کھیل کے لیے خدمات کا اعتراف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل محمود کی بہادری نے پاکستان کرکٹ کو ابتدائی ایام میں دنیا کے سامنے ایک قوت کے طور پر متعارف کرایا ۔ انہوں نے اپنے کھیل کے ذریعے نوجوانوں کو فاسٹ بالنگ کے لیے بھی متاثر کیا جبکہ جادوگر اسپنر عبدالقادر نے کلائی کے استعمال سے اسپن بالنگ کے ختم ہونے والے فن کو دوبارہ زندہ کیا۔

تبصرے بند ہیں.