مظفر گڑھ کے علاقئ پیر جہانیاں میں واقع ایک گھر میں آتشزدگی کے باعث ایک ہی خاندان کے 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ مرنے والوں میں 4 بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 2 ماہ سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ مرنے والے افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفر گڑھ منتقل کر دی گئی ہیں۔
بدنصیب خاندان کے بچ جانے والے واحد شخص کالا کے مطابق وہ ملتان میں ہونے کے باعث حادثے میں محفوظ رہا۔ کالا نے اپنے خاندان کو جلائے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔ کالا کا کہنا تھا کہ اس نے ڈیڑھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی، جس پر اس کے سسرالی رشتہ دار خوش نہیں تھے۔
اس شخص کے مطابق اسے شبہ ہے کہ اس کے خاندان کو جلا کر قتل کیا گیا۔ مرنے والے افراد میں کالا کی بیوی اور 4 ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عابدہ فرید اور پولیس کے مطابق خاندان کو جان بوجھ کر جلائے جانے کے پہلو کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.