ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے شعیب ملک اور فخر زمان کی سکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ کیسا ہے؟ وسیم خان نے بھی موقف دیدیا
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ میں فخر زمان اور شعیب ملک کی واپسی کے فیصلے کو اچھا قرار دیا ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں ویمن واک تھلون کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے شعیب ملک، فخر زمان کی واپسی کا خیرمقدم کیا اور 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کرنے والے قومی سکواڈ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں فخر زمان اور شعیب ملک کی واپسی سے پاکستان کی بیٹنگ اور باﺅلنگ لائن، دونوں اب مضبوط ہیں، پاکستان ٹیم میں سب ہی فیورٹ ہیں اور ٹیم بہتر ہے، یقین ہے کہ یہ لڑکے مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے اعلان کردہ ابتدائی ٹی 20 سکواڈ میں اعظم خان، فاسٹ باؤلر محمد حسنین اور فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کو شامل کیا گیا تاہم نیشنل ٹی 20 کپ میں ان کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کے باعث کئی سوالات اٹھائے گئے جس کے بعد سکواڈ میں تبدیلی کرتے ہوئے اعظم خان اور محمد حسنین کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ حیدر علی اور سرفراز احمد کو شامل کیا گیا ۔
اس سے قبل فخر زمان کو ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا تاہم نیشنل ٹی 20 کپ کے بعد انہیں ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست سے نکال کر 15 رکنی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا اور شاہنواز دھانی کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کر دیا گیا لیکن اس مرتبہ بھی شعیب ملک ٹیم میں شامل نہ ہو سکے۔
لیکن پھر کرکٹر صہیب مقصود کے زخمی ہونے کی خبر آئی جو نیشنل ٹی 20 کپ کے دوران کمر کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے جس پر پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر نے ان کی انجری کا جائزہ لیا اور انہیں آرام کا مشورہ دیا جس کے باعث شعیب ملک کی قومی سکواڈ میں شمولیت کی راہ ہموار ہو گئی اور انہیں بھی قومی سکواڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔
تبصرے بند ہیں.