دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ’بیٹ ٹریکنگ‘ ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں مذکورہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے دنیا بھر میں کرکٹ شائقین ’غیر معمولی‘ تجربے سے گزریں گے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ میں پہلی بار شائقین بیٹ کو ٹریک کرنے والی ٹیکنالوجی دیکھیں گے ، جو ہاک آئی کی جانب سے منتخب میچوں میں بال ٹریکنگ اور ایج ڈٹیکشن سروسز کے علاوہ فراہم کی جائے گی۔
شائقین کرکٹ کیبل کے بغیر استعمال ہونے کیمرہ سسٹم کیساتھ ساتھ سپائیڈر کیم اور دیگر خصوصیات کے ساتھ کرکٹ ایکشن سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں گے۔ آئی سی سی نے اپنے نشریاتی پارٹنرز کیساتھ مل کر 200 ممالک ٹی 20 ورلڈکپ کے ایکشن کو براہ راست نشر کرنے کے انتظامات کر رکھے ہیں۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ’آئی سی سی ٹی وی پروڈوکشن تمام وینیوز پر 35 سے زائد کیمروں کے ذریعے کوریج کرے گی اور اس اعلیٰ معیار کی کوریج میں لائیو پلیئر ٹریکنگ اور ڈائنامک فیلڈ پلاٹ ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جائے گی۔ شائقین آئی سی سی کی ویب سائٹ کیساتھ ساتھ فیس بک اور انسٹاگرام پیجز پر اہم تقریبات ، میچز کی جھلکیاں اور دیگر اہم لمحات سے بھی محظوظ ہو سکیں گے۔
انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے ٹورنامنٹ کیلئے کی جانے والی آئی سی سی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا ٹورنامنٹ ہو گا جس میں دنیا کے ٹاپ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر تیزی سے مقبولیت حاصل کرنے والے فارمیٹ میں ان ایکشن ہوں گے۔
تبصرے بند ہیں.