لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 24 اکتوبر کو روائتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی اور پوری دنیا میں شائقین کرکٹ بے صبری سے اس مقابلے کے منتظر ہیں۔
مذکورہ میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کی بات کی جائے تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اوپننگ کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کریں گے کیونکہ دونوں کھلاڑی ہی انفرادی طور پر بہترین فارم میں ہیں اور رواں سال ٹی 20 کرکٹ میں سب سے بہترین جوڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
ون ڈاؤن پوزیشن کیلئے فخر زمان اور حیدر علی کے نام زیر غور ہیں۔ حیدر علی نے حال ہی میں کھیلے گئے نیشنل ٹی 20 کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے باعث انہیں فخر زمان پر برتری بھی حاصل ہے تاہم قومی ٹیم میں بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کی کمی اور انٹرنیشنل کرکٹ کے تجربے کے باعث فخر زمان کو ٹیم میں شامل کئے جانے کے امکانات زیادہ ہیں۔
کپتان بابراعظم سینئر آل راؤنڈرز محمد حفیظ اور فخر زمان کو ’میچ ونرز‘ قرار دے چکے ہیں جبکہ بابراعظم ہمیشہ سے ہی شعیب ملک کی ٹیم میں شمولیت کے حامی رہے ہیں، لہٰذا قوی امکانات ہیں کہ یہ دونوں کھلاڑی بھارت کے خلاف شیڈول میچ کیلئے قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
جارح مزاج بلے باز آصف علی کو اننگز کے آخری اوورز کھیلنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ سپن باؤلنگ کے شعبے میں عماد وسیم اور شاداب خان ہی بہترین آپشنز ہیں۔ فاسٹ باؤلرز میں شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کئے جانے کے قوی امکانات ہیں۔
یوں بھارت کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم کچھ اس طرح ہو سکتی ہے ۔ بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی یا فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، حارث رﺅف اور شاہین شاہ آفریدی تاہم حتمی فیصلہ تو میچ کے روز ہی کیا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.