اسلام آباد: یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 40 سے 1090 روپے تک کا اضافہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہو گا
مہنگائی سے پسے عوام پر ایک اور بم گرا دیا گیا اور سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی کیلئے قائم کئے گئے یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی مہنگائی کا نیا طوفان برپا کردیا گیا ہے، مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 40 سے 1090 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہو گا۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر ملنے والے ڈالڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 109 روپے اور 10 لیٹر کین میں 1090 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ڈالڈا گھی کا 10لیٹر کا کین 2500 روپے سے بڑھ کر 3590 روپے کا ہو گیا ہے۔
اسی طرح میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت 475 میں روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت 2885 سے بڑھ کر 3360 روپے ہو گئی ہے۔ 5 لیٹر پلانٹا کوکنگ آئل کی قیمت میں 463 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق من پسند کوکنگ آئل کی قیمت میں بھی 465 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد من پسند 5 لیٹر کوکنگ آئل ٹن کی قیمت 1245 سے بڑھ کر 1710 روپے ہوگئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.