زلفی بخاری نے ریحام خان کیخلاف ہتک عزت کا کیس جیت لیا

398

لندن: زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کیخلاف ہتک عزت کا کیس جیت لیا ہے۔ برطانوی عدالت کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ ریحام خان جرمانے کی مد میں زلفی بخاری کو 50 ہزار پائونڈ کی بھاری رقم بھی دینے کی پابند ہونگی۔

ریحام خان نے زلفی بخاری پر لگائے گئے تمام الزامات واپس لیتے ہوئے ان سے معذرت بھی کی ہے۔ خیال رہے کہ ریحام خان نے یوٹیوب، فیس بک اور ٹویٹر کا سہارا لیتے ہوئے ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تھیں جو زلفی بخاری کی بدنامی کا باعث بنیں۔ ان ویڈیوز میں زلفی بخاری پر کرپشن، اقربا پروری اور غبن کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔

زلفی بخاری نے سوشل میڈیا پر یہ ویڈیوز آنے کے بعد فوری طور پر برطانوی عدالت میں ریحام خان کیخلاف کیس دائر کر دیا تھا۔ ریحام خان کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کیساتھ مل کر نیویارک میں قائم روزولٹ ہوٹل کو صرف اپنے مالی فائدے کیلئے کم دام میں فروخت کرنے کی کوشش کی۔

ریحام خان کی جانب سے برطانوی عدالت میں جمع کرائے گئے تحریری معافی نامے میں کہا گیا ہے کہ میں نے 6 اور 7 دسمبر 2019ء کو یوٹیوب، فیس بک اور ٹویٹر پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں کہا گیا تھا کہ زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کیساتھ مل کر ذاتی مالی فائدے کیلئے نیویارک میں قائم پاکستانی ریاست کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل کو بیچنے کی کوشش کی تھی۔

ریحام خان نے اپنے معافی نامے میں یہ لکھا کہ میں تسلیم کرتی ہوں کہ یہ تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد تھے۔ مجھے اب اس چیز کا پتا چلا ہے کہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کیساتھ مل کر کسی ایسے منصوبے میں شامل نہیں تھے۔

تبصرے بند ہیں.