بھارتی فوج کی خاتون آفیسر نے خود کشی کر لی

97

پونے: بھارتی فوج کی خاتون آفیسر نے خود کشی کر لی ہے اور خاتون آفیسر لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر فائز تھیں۔

 

ہندوستان ٹائمز کے مطابق خود کشی کا یہ واقعہ ملٹری انٹیلی جنس ٹریننگ اسکول ( ایم آئی ٹی ایس) پونے میں پیش آیا ہے۔ علاقہ ڈپٹی کمشنر اور پولیس کے مطابق موت کو گلے لگانی والی 43 سالہ خاتون فوجی آفیسر بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں واقع ملٹری انٹیلی جنس ٹریننگ اسکول میں چھ ماہ کے کورس پر تھیں اور انہوں نے تین ماہ کا کورس بھی مکمل کرلیا تھا۔

 

ڈپٹی کمشنر نمریتا پٹیل کے مطابق خاتون فوجی آفیسر نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے خود کو چھت سے لٹکا کر اپنی جان دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت علم میں آیا جب حسب معمول صبح کی بیڈ ٹی کے لیے ان کے کمرے میں متعلقہ شخص گیا تو اس نے وہاں ان کی نعش دیکھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق علاقہ پولیس اسٹیشن میں حادثاتی موت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

 

دفاعی ترجمان کے مطابق ملٹری انٹیلی جنس ٹریننگ اسکول اینڈ ڈپو پونے میں تربیت کے لیے متعین خاتون فوجی آفیسر کی موت واقع ہوئی ہے جس کے متعلق خود کشی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس نے باقاعدہ مقدمہ درج کرلیا ہے اور تفتیش و تحقیق کا عمل جاری ہے۔

 

خیال رہے کہ بھارت میں شدید ذہنی و جسمانی تھکان، دباؤ اور مظلومین کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کے باعث اکثر و بیشتر بھارتی فوجی خود کشی کے ذریعے موت کو گلے لگاتے ہیں لیکن لیفٹیننٹ کرنل لیول کی خاتون انٹیلی جنس آفیسر کی خود کشی کے حوالے سے واقعات کم ہی منظر عام پر آتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.