شہریوں کیلئے خوشخبری، گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک روپیہ مقرر

245

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں 1300 سے 2500 سی سی انجن کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک روپیہ مقرر کر دی گئی ہے۔

محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کی جانب سے اس ضمن میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ صوبائی محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آئندہ ماہ سے گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپیہ وصول کی جائے گی۔

اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آئندہ ماہ سے صوبے میں گاڑیوں کو یونیورسل نمبر پلیٹس کا اجرا کیا جائے گا۔ صوبائی مشیر ایکسائز خلیق الرحمان کا کہنا ہے کہ محکمہ ایکسائز نے ٹوکن ٹیکس سے متعلق زما خیبر پختونخوا ایپ کا اجرا پہلے سے کررکھا ہے۔

مشیر ایکسائز خلیق الرحمان نے اس ضمن میں امید ظاہر کی ہے کہ رجسٹریشن فیس ایک روپیہ مقرر کرنے سے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ متوقع ہے۔

انہوں ںے کہا کہ نئی نمبر پلیٹ ڈیزائن کی منظوری بھی آئندہ ہفتے دی جائے گی اور نئی نمبر پلیٹ میں دیگر سیکیورٹی آپشن کے علاوہ صوبے میں سیاحت سے متعلق بھی فیچر شامل ہوں گے۔

صوبائی مشیر ایکسائز خلیق الرحمان نے واضح کیا ہے کہ نئے نظام کے تحت گاڑی مالکان کو رجسٹریشن بک اور نمبر پلیٹ ایک ساتھ دئیے جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.