طلبہ میڈیا کے مثبت پہلوئوں پر کام کریں،نصر اللہ ملک

111

لاہور: سینئر جرنلسٹ اور ٹی وی اینکر نصراللہ ملک نے کہا ہے کہ میڈیا میں آنے کے شوقین طلبہ سماجی برائیوں کو حل کرنے کیلئے مثبت پہلوئوں پر کام کریں اور اس فیلڈ کے ساتھ دیگر شعبوں کو بھی کھنگالیں۔

یہ بات انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ کے طلبہ کیساتھ ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

نصراللہ ملک نے اس موقع پر اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے تجربات بھی طلبہ کیساتھ شیئر کئے اور میڈیا انڈسٹری کو درپیش چینلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی۔

انہوں نے طلبہ کو شعبہ صحافت میں درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے کئی گُر بھی بتائے۔ نشست میں ایم فل اور بی ایس کے طلبہ شریک تھے۔ آخر میں انہوں نے طلبہ کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔

نشست کے اختتام پر لبنیٰ ظہیر نے شعبہ کا دورہ کرنے پر مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر معروف ڈرامہ اور ناول نویس آمنہ مفتی بھی موجود تھیں۔

واضح رہے کہ نصراللہ ملک سینئر براڈ کاسٹ جرنلسٹ، تجزیہ کار، اور کالم نویس ہیں، وہ اس وقت نیو نیوز چینل میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کا پروگرام ”لائیو ود نصراللہ ملک” ہر ہفتہ، جمعہ سے اتوار تک نیو نیوز پر نشر ہوتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.