کورونا کا مقابلہ کر سکتے ہیں تو ڈینگی کا کیوں نہیں، شیخ رشید کی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت

90

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہا ہے کہ پاکستانی قوم عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا مقابلہ کر سکتی ہے تو ڈینگی وائرس پر قابو کیوں نہیں پایا جا سکتا، ڈینگی سے بچنے کیلئے عوام میں آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ 
تفصیل کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے ڈینگی وارڈ کا معائنہ کیا اور اس موقع پر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے وزیر داخلہ کو ڈینگی مرض سے متعلق بریفنگ دی۔ 
اس موقع پر شیخ رشید نے ہسپتال انتظامیہ کو ڈینگی مریض سے بچنے کیلئے عوام میں آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی مرض پیدا کرنے والے عوامل کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، ضلعی انتظامیہ اور صحت کے اداروں سے مل کر لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔ 
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 125 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ اب تک کے سب سے زیادہ کیسز ہیں اور دارالحکومت میں مجموعی کیسز کی تعداد 1 ہزار 528 ہو گئی ہے۔ 
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ( ڈی ایچ او ) کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے ڈینگی کے 78 کیسز سامنے آئے ہیں اور ان علاقوں میں اب تک ایک ہزار 15 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوچکی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 5 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے اور وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز لاہور میں سامنے آ رہے ہیں، پنجاب میں کورونا اور ڈینگی کا مقابلہ مربوط حکمت عملی سے کررہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.