پاک فوج کی پہلی خاتون جنرل لیفٹیننٹ کے موضوع پر فلم 23 اکتوبر کو ریلیز ہوگی

113

اسلام آباد: پاک فوج میں پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل کے موضوع پر بننے والی ٹیلی فلم ” ایک ہے نگار ” کے ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ۔

معروف اداکارہ ماہرہ خان ٹیلی فلم میں لیفٹیننٹ جنرل کے روپ میں نظر آئیں گی  ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان فوج میں پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی کاوشوں پر بنائی گئی ٹیلی فلم ” ایک ہے نگار: 23 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی ۔

ٹیلی فلم” ایک ہے نگار” میں ماہرہ خان مرکزی کردار اداکریں گی ۔فلم ایک ہے نگار کے ٹیزرز رواں برس اگست میں ریلیز کیے گئے تھے اور خیال کیا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر ٹیلی فلم کو ستمبر میں ریلیز کیا جائے گا۔

تاہم اب فلم کی ٹیم نے اس کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے اسے رواں ماہ 23 اکتوبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

ماہرہ خان اور ٹیلی فلم کی پروڈیوسر نینا کاشف سمیت اسے نشر کرنے والے ٹی وی چینل کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹس میں تصدیق کی گئی کہ ’ایک ہے نگار‘ کو رواں ماہ کے اختتام تک نشر کیا جائے گا۔

واضع رہے کہ فلم ’ایک ہے نگار‘ کی کہانی معروف لکھاری عمیرہ احمد نے لکھی ہےجب کہ اس کی ہدایات عدنان سرور نے دی ہیں۔

ٹیلی فلم میں جہاں ماہرہ خان فوجی خاتون کےروپ میں دکھائی دیں گی، وہیں وہ اس کی شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔

‘ایک ہے نگار‘ کو نینا کاشف اور ماہرہ خان نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے ۔ فلم میں ماہرہ خان کے شوہر کا کردار بلال عباس کرتے دکھائی دیں گے۔

’ایک ہے نگار‘ کے جاری کیے گئے ٹیزرز میں ماہرہ خان کو بطور جنرل نگار دکھایا گیا تھا جب کہ ایک ٹیزر میں ان کی شادی اور پاک فوج میں شمولیت کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی تھیں۔

فلم ‘ایک ہے نگار’ میں لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی اور کیریئر کی کہانی بیان کی گئی ہے اور اس کی زیادہ تر شوٹنگ راولپنڈی کے آرمی میڈیکل کالج میں کی گئی ہے، تاہم ٹیلی فلم کی شوٹنگ ایبٹ آباد سمیت دیگر مقامات پر کی گئی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.