نیشنل ٹی 20 کپ، پہلے سیمی فائنل میں خیبرپختونخواہ کی جیت

117

لاہور: نیشنل ٹی 20 کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں خیبرپختونخواہ نے صاحبزادہ فرحان اور افتخار احمد کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ناردرن کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخواہ نے ٹاس جیت کر ناردرن کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ ذیشان ملک 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ناصر نواز 27، علی عمران 24، عمر امین 22، روحیل نذیر 11، سہیل تنویر 19، عامر جمال 19، مبصر خان 1 اور نعمان علی کوئی سکور نہ بنا سکے۔ 
خیبرپختونخواہ کی جانب سے ارشاد اقبال سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 36 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عمران، خالد عثمان اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخواہ کے صاحبزادہ فرحان اور افتخار احمد نے عمدہ اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار اد اکیا اور خیبرپختونخوا نے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ 
صاحبزادہ فرحان نے 39 گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد نے 17 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ مصدق احمد 7، آصف آفریدی1 اور خالد عثمان نے 15 رنز بنائے۔ 
ناردرن کی جانب سے کوئی بھی باﺅلر خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، سہیل تنویر، نعمان علی، زمان خان، سلمان ارشاد اور عامر جمال نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی مگر اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ 

تبصرے بند ہیں.