لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے الزام لگایا کہ اپنی سیٹ پکی کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان ہر بار بکے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ملک میں جاری احتساب سے سب سے زیادہ مولانا خائف ہیں جبکہ گزشتہ 3 سالوں میں نااہل اپوزیشن قانون سازی کے عمل میں حائل رہی۔ احتساب کے عمل کو متنازع بنانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی اور ملک میں جاری احتساب سے ڈر کر میاں مفرور نے راہِ فرار اختیار کی۔
شہباز گل نے کہا کہ عمران خان کو عوام نے انصاف اور احتساب کے لیے منتخب کیا اور اب چاہے جتنے مرضی اتحاد کر لیں احتساب کا عمل نہیں رکے گا۔
اس سے قبل پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ دھاندلی کی پیداوار ہمیں انتخابی اصلاحات دے تو یہ قیامت کی نشانی ہو گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قانون کسی ایک فرد کے لیے نہیں بنایا جاتا لیکن حکومت صدارتی آرڈیننس لا کر اپنی سہولت کے لیے قانون سازی کر رہی ہے اور یہ قانون سازی ایک اچھی مثال نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو توسیع پی ڈی ایم نہیں کسی اور وجہ سے ملی ہے جبکہ یہ حکومت نااہل اور نالائق ہے جو کچھ ڈیلیور نہیں کر سکی۔
تبصرے بند ہیں.