مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز ملک انتقال کر گئے

164

لاہور: مسم لیگ (ن) کے اہم رہنما پرویز ملک قضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے ہیں۔ پارٹی قیادت نے مرحوم کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

مرحوم پرویز ملک مسلم لیگ (ن) کے صدر اور رکن قومی اسمبلی تھے۔ انہوں نے علالت کے باعث کچھ عرصہ سے سماجی اور سیاسی سرگرمیاں معطل کی ہوئی تھیں۔

پرویز ملک کی پیدائش 18 نومبر 1947ء کو لاہور میں ہوئی تھی، انہوں نے ابتدائی اور اعلیٰ تعلیم اسی شہر سے حاصل کی۔ مرحوم قدیم درسگاہ ایچی سن کالج سے فارغ التحصیل تھے۔ انہوں نے یہاں سے بی ایس سی آنرز کیا تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق پرویز ملک کو دل کا دورہ پڑا تھا، انھیں طبعیت خراب ہونے کے باعث اکرم میڈیکل کمپلیکس میں لایا گیا تھا، ان کا فوری علاج شروع کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

پرویز ملک مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں 2017ء سے 2018ء تک ٹیکسٹائل اور کامرس کے وزیر بھی رہے۔ مرحوم پانچ مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

مریم نواز نے پرویز ملک کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ‏شفیق اور بے داغ انسان تھے، ان کی وفات کا سن کر شدید دھچکا لگا۔ مرحوم مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ اور قائد نواز شریف کے دیرینہ اور باوفا ساتھی تھے۔ میری دعائیں اور دلی جذبات شائستہ پرویز، علی پرویز اور تمام اہلخانہ کے ساتھ ہیں، اللّہ ان کی آخری منزلیں آسان فرمائے اور جوار رحمت میں جگہ دے۔

تبصرے بند ہیں.