لاہور:صوبائی وزیرجیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے میچ جیتنے پر پیپلزپارٹی کی تعریف کی ۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی بہتری کے لئے پیپلزپارٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جیو بھٹو کا نعرہ لگاتا ہوں اور پھر انہوں نے جئے بھٹو کے نعرے لگادیئے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں کرکٹ ٹاکرے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے میچ کھیلنے پر پیپلزپارٹی کی ٹیم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی ٹیم نے کرکٹ کی بحالی کے لئے بہت اچھا کر دار ادا کیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میرا بھی دل کر رہا ہے کہ ملک کے لئے پیپلزپارٹی کے اس جذبے کے پیش نظر جیئے بھٹو کا نعرہ لگا دوں۔ جس پر پیپلزپارٹی کے صدر سید حسن مرتضی نے کہا کہ آپ جیئے بھٹو کا نعرہ لگالیں۔ اس پر فیاض الحسن نے کہا کہ جیئے بھٹو، جیئے بھٹو، جیئے بھٹو۔
یاد رہے اپوزیشن نے کرکٹ ٹاکرے کے بیسٹ آف تھری میں حکومتی ٹیم کو شکست دے دی۔ پہلے دونوں میچوں میں حکومتی ٹیم کو شکست کے بعد اپوزیشن ٹیم نے بیسٹ آف تھری کرکٹ سیریز اپنے نام کر لی۔
پہلے میچ میں حکومتی ٹیم نے 97 رنز بنائے، اپوزیشن نے با آسانی ہدف حاصل کر لیا جبکہ دوسرے میچ میں حکومتی ٹیم نے 86 رنز بنائے، اپوزیشن نے یہ ہدف بھی آسانی سے پورا کرلیا ۔
تبصرے بند ہیں.