عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو ایک بار پھر پر لگ گئے

219

نیویارک: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو ایک بار پھر پر لگ گئے ، برطانوی خام تیل کی قیمت میں 44 سینٹ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جس کے بعد صفر اعشاریہ 5 اضافے کے ساتھ برطانوی خام تیل کی قیمت 82.39 ڈالر فی بیرل ہو گئی ۔

امریکی خام تیل کی قیمت میں ایک اعشاریہ 05 ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، ایک اعشاریہ 3 فیصد اضافے کے ساتھ امریکی خام تیل کی قیمت 79.35 ڈالر فی بیرل ہو گئی ، رواں ہفتے تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کے باعث دنیا میں معاشی سرگرمیوں میں کمی آئی تھی جس کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار بھی کم کر دی گئی تھی لیکن اب دوبارہ طلب بڑھنے کے بعد پٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور اس سے وابستہ پروڈیوسرز نے اس ہفتے کہا کہ وہ بتدریج پیداوار واپس لانے کی کوشش کریں گے ۔

ادھر ، امریکی حکومت نے کہا ہے کہ وہ توانائی کی منڈیوں کی نگرانی کر رہی ہے ، لیکن اس نے قیمتوں کو کم کرنے کے لیے فوری کارروائی کا اعلان نہیں کیا ۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے ۔

تبصرے بند ہیں.