ٹی 20 ورلڈکپ، قومی سکواڈ کے کھلاڑی جمعہ کو خصوصی ببل میں منتقل ہوں گے

124

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ میں منتخب ہونے والے کرکٹرز جمعہ کو خصوصی ببل میں منتقل ہو جائیں گے جبکہ سکواڈ میں ممکنہ تبدیلی کے فیصلے کے پیش نظر ببل میں اضافی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑی 7 اکتوبر تک قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کے میچز میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ 8 اکتوبر کو ورلڈکپ سکواڈ کیلئے بنائے گئے علیحدہ ببل میں منتقل ہوجائیں گے اور پھر وہیں سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) چلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ میں کسی ممکنہ تبدیلی کے پیش نظر جمعرات کو محمد وسیم لاہور میں اہم ملاقاتیں کریں گے اور اس روز ہی تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ بھی ممکن ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم ثقلین مشتاق سے ملاقات کریں گے جنہیں ممکنہ طور پر پاکستانی دستے کے ہیڈ بھی بنائے جانے کا امکان ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے منتخب ہونے والی چند کھلاڑیوں کی جانب سے نیشنل ٹی 20 کپ میں ناقص کارکردگی کے باعث حتمی قومی سکواڈ میں ایک سے دو تبدیلیوں کے امکان کو نظرانداز نہیںکیا جا سکتا اور یہی وجہ ہے کہ ورلڈکپ ببل میں اضافی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.