وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات، سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

96

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔

وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی باہمی ملاقات میں ملک کی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے وزیر اعظم سے ملاقات میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر تبادلہ خیال کیا جبکہ آرمی چیف نے وزیر اعظم کو کور کمانڈر کانفرنس اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی۔

اس سے قبل سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیر اعظم عمران خان سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے بطور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی خدمات کی تعریف کی اور نئی پوسٹنگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ آج کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو کور کمانڈر کراچی تعینات کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاک فوج میں ہونے والے تقرر و تبادلوں میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا۔

اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ اور لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.