نیّر بخاری نے خورشید شاہ کی پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کر دی

99

لاہور: پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیّر بخاری نے سینئر رہنما خورشید شاہ کی پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

ایک بیان میں نیّر بخاری نے کہا کہ پی پی چھوڑنے سے متعلق خورشید شاہ سے منسوب ٹوئٹ جعلی ہے۔ سابق اپوزیشن لیڈر اور سینئر سیاستدان خورشید شاہ کو پارٹی کی طرف سے کوئی شوکاز نوٹس جاری نہیں کیا گیا ہے۔

پی پی جنرل سیکریٹری نے مزید کہا کہ جعلی شو کاز کا معاملہ ایف آئی اے کے سائبر ونگ کو ریفر کر رہے ہیں۔ سید خورشید شاہ قید و بند کے باوجود جمہوریت اور پارٹی کے وفادار رہیں گے۔

اس سے قبل سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بنیاد افواہوں پر ہے اور ان پر توجہ نہیں دینی چاہیے۔ سیاستدان تو دشمن سے بھی ملتے ہیں، ایسی کوئی بات نہیں، مجھے شوکاز دینے کی پارٹی نے تردید کردی ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آئیں گے بہت سے پنڈورا باکس کھلیں گے جبکہ عوام کو احساس ہے ہم ایسی حکومت میں پھنسے ہیں جو احساس ہی نہیں رکھتی، دسمبر تک ڈالر 180 تک جائے گا اور مہنگائی کم کرنا حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان وار میں پاکستان نے بہت سمجھوتا کیا، جانیں دیں، یہ سب امریکا کے کہنے پر ہوا اور آج ہماری ڈپلومیسی زیرو ہے، کوئی فارن منسٹر کے دورے نہیں جبکہ عمران خان نے نا تجربہ کاری سے اقوام متحدہ میں دنیا کو اپنے حالات بتانے کا موقع گنوا دیا۔

تبصرے بند ہیں.