جاپان کے نو منتخب وزیراعظم نے الیکشن کرانے کا اعلان کر دیا

104

ٹوکیو: جاپان کے منتخب ہونے والے وزیراعظم فُومیو کیشیدا نے اپنی پہلی تقریر میں ہی 31 اکتوبر کو الیکشن کرانے کا اعلان کر کے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کی پارلیمان نے سابق وزیر خارجہ فُومیو کِیشِیدا کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا۔ فُومیو کِیشِیدا کو حال ہی میں حکمراں جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کا سربراہ بھی چنا گیا تھا۔

نومنتخب وزیر اعظم فُومیو کِیشِیدا نے پارلیمنٹ میں اپنی پہلی تقریر میں 31 اکتوبر کو عام انتخابات کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا جبکہ کابینہ اور پارلیمنٹ کی معزولی کا اعلان بھی 14 اکتوبر تک متوقع ہے۔

اپنی تقریر میں وزیراعظم فومیو کیشیدا نے مزید کہا کہ ابھی کورونا وبا میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اس لیے یہ موقع انتخابات کے لیے درست ہے۔

جاپان کی موجودہ پارلیمنٹ کی معیاد 21 اکتوبر تک مکمل ہو رہی ہے تاہم کورونا وبا اور دیگر مسائل کے باعث نئے الیکشن کی تاریخ کے اعلان میں مسلسل تاخیر کا سامنا رہا تھا۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم یوشی ہیڈے سُوگا نے اقتدار سنبھالنے کے دو سال بعد گزشتہ ماہ ہی استعفیٰ دیدیا تھا جس کے بعد پارٹی اور حکومتی سربراہ کے طور پر 64 سالہ فُومیو کِیشِیدا کا انتخاب کیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.