بابراعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا، کرس گیل اور ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

108

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے اور وہ ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 7 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں 187 اننگز کھیل کر 7 ہزار رنز مکمل کرکے ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کرس گیل اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے یہ اعزاز نیشنل ٹی 20 کپ میں جنوبی پنجاب کی ٹیم کے خلاف کھیلے گئے میچ میں 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے حاصل کیا۔
کرس گیل نے ٹی 20 کرکٹ میں 7 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کیلئے 187 اننگز کھیلیں جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 212 اننگز کھیل کر 7 ہزار رنز مکمل کئے تھے۔
اس فہرست میں ایرون فنچ 212 اننگز کے ساتھ چوتھے، ڈیوڈ وارنر 223 رنز کیساتھ پانچویں، کوینٹن ڈی کوک 225 اننگز کیساتھ چھٹے، مارٹن گپٹل 235 رنز کیساتھ ساتویں، بریڈ ہوج 243 رنز کیساتھ آٹھویں، اے بی ڈویلیئرز 245 اننگز کیساتھ نویں اور شیکھر دھون 246 اننگز کیساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔

تبصرے بند ہیں.