نیشنل ٹی 20 کپ، بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

104

راولپنڈی: نیشنل ٹی 20 کپ کے 13 ویں میچ میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ہے، عبدالواحد بنگلزئی نے نصف سنچری اور حارث سہیل نے ناقابل شکست 47 رنز بنا کر اس جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر سدرن پنجاب کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔
صہیب مقصود 34 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کے ساتھ 54 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ ذیشان اشرف 10، سلمان علی آغا 6، محمد عمران صفر، حسن خان 28، خوشدل شاہ 25، اعظم خان 2، عامر یامین 25، عمر خان 12، دلبر حسین صفر اور نسیم شاہ 11 رنز بنا سکے۔
بلوچستان کی جانب سے جنید خان سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 29 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عمید آصف نے 4 اوورز میں 30 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ خرم شہزاد 2 اور حارث سہیل ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔
مقررہ ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کے اوپنرز عبداللہ شفیق اور عبدالواحد بنگلزئی نے 84 رنز کا آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی جبکہ حارث سہیل نے 35 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرا دیا۔
عبدالواحد بنگلزئی نے 42 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے اور عبداللہ شفیق نے 28 گیندوں پر 1 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ سہیل اختر 16 رنز بنا سکے۔
سدرن پنجاب کی جانب سے عمر خان اور عامر یامین نے صرف ایک، ایک وکٹ حاصل کی اور کوئی بھی باؤلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

تبصرے بند ہیں.