بالی وڈ شہنشاہ کو ٹی ٹی نے چلتی ٹرین سے اتار دیا

162

ممبئی : بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن ٹی ٹی کی فرض شناسی کا نشانہ بن گئے ۔ امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ ٹکٹ چیکر نے اپنی فرض شناسی نبھائی اور چلتی ٹرین کی چین کھینچ کر نیچے اتار دیا ۔
تفصیلات کے مطابق بالی وڈ سٹار امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ کئی سال قبل کالج کے دور میں دوستوں کے ساتھ ایک بار ٹرین میں ٹکٹ کے بغیر ہی سوار ہوگیا تھا ۔ ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے پر میں دل ہی دل میں خوفزدہ بھی تھا لیکن میرے دوست میری اس بات پر مجھ سے ناراض تھے ۔
پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی کی ریکارڈنگ میں امیتابھ بچن نے کہا کہ میرے دوستوں کو ٹکٹ کے بغیر ٹرین پر سفر کرنے کی عادت تھی لیکن میں نے کبھی ٹکٹ کے بغیر سفر نہیں کیا تھا ۔ یہ بات میرے خوف کی وجہ تھی لیکن میرے کالج فرینڈز میری اس کیفیت سے لطف اندوز ہورہے تھے اور میری ہنسی اڑا رہے تھے ۔
بالی وڈ سٹار نے کہا کہ دورا ن سفر ہی دوآدمی آپس میں ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے پر ہونے والی سزاؤں پر گفتگو کررہے تھے ان کی گفتگو سے میں اور بھی خوفزدہ ہوگیا تھا۔
امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے منزل قریب آتی جارہی تھی میرے دل کی دھڑکن تیز ہوتی جارہی تھی اور پھر ایکدم سے دروازہ کھلا اور سامنے ناک پر عینک ٹکائے ٹی ٹی نمودار ہوا ۔ اس کو دیکھ کر میرے سارے دوست ادھر ادھر کھسک گئے اور میں اپنی جگہ پر ہی کھڑا رہا میرا خوفزدہ سا چہرہ دیکھ کر ٹی ٹی سیدھا میرے پاس آیا اور مجھے ٹکٹ دکھانے کو کہا .
امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ اب میں ٹکٹ کہاں سے دکھاتا میں نے تو ٹکٹ لیا ہی نہیں تھا ۔ میں منہ سے کچھ نہیں بولا میری اس حالت کو دیکھ ٹی ٹی نے خود ہی کہا کہ ٹکٹ نہیں ہے تو پھر سفر بھی نہیں ہے ۔
ٹکٹ چیکر نے چلتی ٹرین کی زنجیر کھینچ کر گاڑی روکی اور مجھے نیچے اترنے کا حکم دیا اور میرے ساتھ ہی میرے دوست بھی ٹرین سے کود گئے ۔
امیتابھ بچن نے ہنستے ہوئے کہا کہ جب ہم ٹرین سے اترے تو ہم منزل کے بہت قریب تھے اور کچھ ہی منٹ کا پیدل فاصلہ طے کرنے کے بعد ہم گھر پہنچ گئے لیکن اس دوران میرے سب دوست میرا مذاق اڑاتے رہے مگر میں نے دل ہی دل میں فیصلہ کرلیا تھا کہ اب کبھی ٹکٹ کے بغیر ٹرین میں سفر نہیں کروں گا

تبصرے بند ہیں.