وزیراعظم عمران خان نے عوام کو مہنگائی میں کمی کی نوید سنا دی

232

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دولت میں اضافہ کرکے ہی قرض واپس کیا جا سکتا ہے، حکومتی اقدامات سے آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بات 600 کے وی مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم عمران خان (آج) جمعرات کو سی پیک کے اہم منصوبہ 600کے وی مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کر رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ مٹیاری تا لاہور 886 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن 4 ہزار میگا واٹ بجلی ترسیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس کیلئے 1973 ٹاور تعمیر کیے گئے ہیں۔ منصوبہ کی ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی ہے اور یہ بجلی کی باقاعدہ ترسیل کے لیے تیار ہے۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن سٹیٹ آف آرٹ منصوبہ ہے، ٹرانسمیشن لائن پر سرمایہ کاری نہیں کی گئی، اب تک بجلی کے شعبے کے 17 فیصد لاسز ہیں، ایک فیصد لاسز سے لاکھوں کا نقصان ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے سی پیک میں مسائل کا سامنا رہا۔ تاہم یہ اب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن کا ٹیسٹ رن مکمل کر لیا گیا ہے۔ کورونا کے باوجود 6 ماہ میں منصوبہ مکمل کیا گیا۔ پیک سیزن کے دوران بھی منصوبے میں کوئی فنی خرابی نہیں آنے دی۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستانی معیشت کا اہم ستون ہے۔ اس کے باقی تمام منصوبوں کو بھی تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کا نہیں، ٹرانسمیشن کا مسئلہ ہے۔

چینی سفیر نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرکے خوشی ہے۔ وزیر توانائی، نیپرا اور دیگر متعلقہ اتھارٹیز کے تعاون پر مشکور ہیں۔ میگا پراجیکٹس کی تکمیل میں چینی صدر خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ توانائی منصوبوں کی تکمیل وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں ہے۔

چینی سفیر نے کہا ک مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کی معیشت میں استحکام آئے گا۔ مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن فلیگ شپ منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے ایک دوسرے سے 70 سال پرانے تعلقات ہیں۔ خطے اور انٹرنیشنل دباؤ کے باجود چین پاکستان تعلقات ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.