الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور لاءریفارمز، وزیراعظم نے ارکان پارلیمان کو اعتماد میں لے لیا

108

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ارکان پارلیمان کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور لاءریفارمز کے معاملے میں حکومتی اقدامات سے متعلق اعتماد میں لے لیا ہے۔ 
وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس دوران شرکاءکو الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور کریمنل جسٹس سسٹم ریفارمز پر بریفنگ دی گئی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ارکان پارلیمان کو حکومتی اقدامات سے متعلق اعتماد میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سمیت انتخابی اصلاحات پر بات کی گئی اور ارکان پارلیمینٹ کو ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ 
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں ہمیشہ آزادانہ اور صاف و شفاف انتخابات کی ضرورت رہی ہے اور شفاف انتخابات کسی بھی جمہوریت کیلئے سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ لاءریفارمز کو اب ہر صورت مکمل کریں گے اور اس مقصد کیلئے پوری دنیا کے بہترین اقدامات کا جائزہ لے لیا ہے، غریب کے ساتھ جرم ہوجائے تو وہ سمجھتا ہے اسے انصاف نہیں ملے گا، ایف آئی آر کے اندراج سے تفتیش تک نئے ریفارمز متعارف کروانا ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.