لاہور میں آن لائن لڑکیاں سپلائی کرنے والا گروہ گرفتار

192

لاہور: پولیس نے آن لائن لڑکیاں سپلائی کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا ۔ ملزمان سوشل میڈیا پر لوگوں سے رابطہ کرکے انہیں جسم فروش لڑکیوں سے ملواتے تھے ۔

تفصیلا ت کے مطابق لاہور پولیس نے جسم فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث گروہ کے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ملزمان لاہور ایسکارٹ کے نام سے سوشل میڈیا پر مختلف طبقہ فکر کے لوگوں سے رابطہ کرکے لڑکیاں سپلائی کرتے تھے ۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان ، زمان اور ریاض  نامی افراد اس دھندے میں ملوث تھے جنہیں بڑی کارروائی کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ گروہ کے مزید افراد کی گرفتاری کے لئے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ جسم فروشی اور لڑکیوں کی سپلائی کرنے والا گروہ واٹس ایپ اور فیس بک کے ذریعے لوگوں کو مختلف لڑکیوں کی تصاویر بھیجتے  اور پھر ان سے پیسے لے کر ان کی ملاقات کراتے تھے ۔ 

 ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چودھری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو تباہی کے راستے سے بچانے کے لئے ٹھوس اقدامات جاری ہیں ، معاشرے کو بگاڑسے بچانے کے لئے والدین اور عام شہری پولیس کا ساتھ دیں ۔ 

آن لائن لڑکیوں کی سپلائی کے گروہ کے سامنے آنے کے بعد پولیس کو ڈی آئی جی آپریشنز نے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ 

پولیس  ذرائع کے مطابق شہر میں گزشتہ 10 روز سے جاری کریک ڈاؤن میں 450 سے زائد ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں اور مختلف تھانوں میں 102 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ سول لائنزڈویژن میں 30، سٹی 14 ، صدر 23 ، ماڈل ٹاؤن 13، اقبال ٹاؤن 12اورکینٹ ڈویژن میں 10 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں پولیس کی طرف سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ معاشرے میں اس بڑھتے ہوئے ناسور کو روکنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کیا جائے ۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ آن لائن جسم فروشی میں ملوث افراد تک پہنچنے کے لئے آئی ٹی ماہرین کی خدمات بھی لی جارہی ہیں ۔ 

تبصرے بند ہیں.