اسلام آباد: برطانیہ میں تعینات پاکستان کے سابق سفیر واجد شمس الحسن قضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے ہیں، پاکستان کی ممتاز شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔ خیال رہے کہ مرحوم کے والد سید شمس الحسن مسلم لیگی اور قائداعظم کے دست راست تھے۔
واجد شمس الحسن کے انتقال پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بھٹو خاندان کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ مرحوم صحافی، سفارتکار اور تاریخ کا عظیم حصہ تھے۔ وہ ہمیشہ بھٹو خاندان کے عظیم دوست اور ساتھی رہے۔
واجد شمس الحسن نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد صحافت کو اپنا پیشہ بنایا اور اپنے بل بوتے پر جلد ہی نامور صحافی بن گئے، ان کا پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے دوران سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ رابطہ ہوا تو بھٹو خاندان کیساتھ ان کی دیرینہ دوستی شروع ہو گئی۔
یہ سلسلہ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد بینظیر بھٹو نے بھی جاری رکھا، کہتے ہیں واجد شمس الحسن واحد شخص تھے جو محترمہ کے سامنے سگار پی سکتے تھے۔ واجد شمس الحسن نے ’’بھٹو خاندان میری یادوں میں‘‘ کے نام سے ایک کتاب بھی لکھی جسے بہت شہرت حاصل ہوئی۔
تبصرے بند ہیں.