لاہور: خوآجہ آصف کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی پارٹی میں اختلافات کا اعتراف کر لیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ پارٹی کے اندر کئی نظریات ہوتے ہیں جبکہ میری اور حمزہ کی سوچ مختلف ہو سکتی ہے، طریقہ کار بھی مختلف ہو سکتا ہے لیکن سب کا اس بات پر اتفاق ہے کہ گھر اور پارٹی کے سربراہ نواز شریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی خدمات کی معترف ہوں اور حمزہ کیلئے دل سے دعا گو ہیں۔
گزشتہ روز خواجہ آصف نے اپویشن لیڈر شہباز شریف کی موجودگی میں کارکنوں کے سامنے ن لیگ کی قیادت میں اختلافات کا اعتراف کیا تھا۔خواجہ آصف نے کہا کہ دراڑیں ختم نہ کیں تو کامیاب نہیں ہوں گے، لڑائی ختم کرکے اتحاد قائم کرنا ہو گا۔
اس قبل پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے بھی مریم نواز کے بیان کی مخالفت کی تھی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آرمی چیف کو ایکسٹینشن دینا درست فیصلہ تھا اور ووٹ دینے کا فیصلہ ن لیگ کی قیادت کا تھا جبکہ ایسے معاملات پر قومی مفاد کو ذاتی مفاد سے اوپر رکھنا چاہیے۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے حمزہ شہباز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی لڑائی آج کی نہیں ہے یہ دہائیوں کی لڑائی ہے۔ سیاست کیلئے ان کا چہرہ اور ہے جبکہ دل اور دماغ اور ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے حمزہ شہباز کا بیان حقیقت پر مبنی ہے۔
تبصرے بند ہیں.