سازش کے تحت بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں میڈل سے محروم کیا گیا، انعام بٹ

122

لاہور: انعام بٹ نے الزام لگایا ہے کہ انہیں سازش کے تحت رومانیہ میں ہونے والی بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے آخری ٹورنامنٹ میں میڈل سے محروم کیا گیا۔ 

انعام بٹ نے یونان اور اٹلی میں ہونے والی بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے ٹورنامنٹس میں گولڈ میڈل جیتے مگر رومانیہ میں ہونے والے آخری ٹورنامنٹ میں میڈل سے محروم رہے۔ راؤنڈ میچز میں یونان کے مشل تکوانی اور آذربائیجان کے ابراہیم یوزباو کو شکست دی تاہم یوکرین کے اولیکسی یاکووچک کے خلاف ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 

گروپ کے تین میں سے 2 میچز جیت کر بھی انعام بٹ کے پاس سیمی فائنل تک رسائی کا موقع تھا مگر آذربائیجان کے ریسلر ابراہیم کو یوکرین کے اولیکسی کے خلاف اضافی پوائنٹ دے دیا گیا اوریو ں انعام بٹ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔

 
ٹاپ ریسلر کا کہنا ہے کہ انہیں سازش کے تحت سیمی فائنل سے باہر کیا گیا اور وہ سیمی فائنل تک رسائی کیلئے مضبوط پوزیشن میں تھے لیکن آذربائیجان اور یوکرین کے درمیان فائٹ میں آذربائیجان کے کھلاڑی کو سازش کے تحت ایک اضافی ٹیکنیکل پوائنٹ دیا گیا اور سیمی فائنل تک پہنچایا گیا۔

 

انعام بٹ نے اس فائٹ کو فکسڈ قرار دے کر رومانیہ ریسلنگ فیڈریشن اور یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

 

انعام بٹ نے کہا کہ جس ریسلر کو انہوں نے 0-3 ہرایا، اس ریسلر کو فائنل میں پہنچادیا گیا اور وہ ٹائٹل جیت گیا جبکہ وہ اس رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

 

تبصرے بند ہیں.