شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے ہونے والی کثیرالملکی فوجی مشقیں اختتام پذیر

165

ماسکو: شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے ہونے والی کثیرالملکی امن مشن 2021 فوجی مشقوں کا اختتام ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق فوجی مشقیں روس کے اورنبرگ ریجن میں ڈونگز ٹریننگ ایریا میں کی گئیں ۔ روسی سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ کمانڈر کرنل جنرل الیگزینڈر اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تمام رکن ممالک کے دستوں نے تربیتی فوجی مشقوں میں حصہ لیا اور مشقوں میں شریک فوجی دستوں نے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا ۔ روس میں جاری مشقوں میں مختلف نوعیت کی ڈرلز کی گئیں ۔

واضح رہے کہ چیئرمین جوائنٹس چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے امن مشن 2021 مشقوں کا مشاہدہ کیا ۔

انہوں نے ایس سی او کے ممالک کے عسکری حکام کے اجلاس میں شرکت کی اور خطے کی صورتحال بالخصوص افغانستان کے حالات پر تبادلہ خیال کیا ۔ خطے میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں سے متعلق بھی بات چیت ہوئی ۔

جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان ایس سی او سے مختلف حوالوں سے تعاون جاری رکھے گا ، اس کے علاوہ خطے میں امن اور ترقی کے مقاصد کیلئے ساتھ دیتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں ۔ افغانستان میں دیرپا امن سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ افغانستان میں امن سے خطے کو فائدہ ہوگا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا کی اپنے روسی اور چینی ہم منصبوں سے ملاقات بھی ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان چین ، روس سے دفاعی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ اس لیے باہمی تعلقات اسٹریٹجک تعاون کی شکل اختیار کر رہے ہیں ۔

تبصرے بند ہیں.