ملک میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

119

اسلام آباد: ملک میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور 21 کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں مجموعی طور پر 0.07 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے تحت 10 اشیائے ضروریہ سستی ہوئی ہیں جب کہ 21 کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔

ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار مجموعی شرح 13.88 فیصد رہی جب کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے مہنگائی 16.25 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کے مطابق چینی اوسطاً 3 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جس کے بعد اوسط قیمت 108 روپے 46 پیسے فی کلو ہو گئی جب کہ ٹماٹر کی فی کلو قیمت 7 روپے 76 پیسے اضافے کے بعد فی کلو قیمت 62 روپے 38 پیسے ہوئی۔ گزشتہ ایک ہفتے میں گھی 59 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جس کے بعد گھی کی اوسط فی کلو قیمت 345 روپے 70 پیسے ہو گئی جب کہ انڈے 2 روپے 98 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے تو فی درجن قیمت 178 روپے 92 پیسے ہو گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایل پی جی کے گھریلوسلنڈرکی قیمت 9 روپے 41 پیسے بڑھی جس کے بعد گھریلوسلنڈرکی قیمت 1927.30 روپے ہوگئی جب کہ مٹن ایک روپے 39 پیسے، بیف 88 پیسے اور زندہ مرغی بھی 29 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی۔ چاول، چائے، دودھ، دہی، گڑ اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 19 روپے 75 پیسے اور کیلے کی فی درجن قیمت میں اوسطاً 5 روپے 93 پیسے کمی آئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق لہسن 5 روپے 75 پیسے فی کلو، پیاز 2 روپے 74 پیسے، دال مونگ 3 روپے 71 پیسے، دال ماش 4 روپے 27 پیسے، دال چنا ایک روپے 91 پیسے اور دال مسور 49 پیسے سستی ہوئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.