خاران میں ایف سی کا خفیہ آپریشن، 6 دہشتگرد جہنم واصل

121

راولپنڈی: بلوچستان میں فرنٹیر کور (ایف سی) نے خفیہ آپریشن میں 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ 
 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق بلوچستان کے علاقے خاران میں خفیہ اطلاع پر ایف سی نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر خفیہ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

 
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں ان کے دو کمانڈر گل میر عرف پلن اور کلیم اللہ بولانی بھی شامل ہیں۔  دہشتگردوں کا اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔

 رواں ماہ 15 ستمبر کو جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کیا تھا اور یہ خفیہ معلومات پر آپریشن جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں کیا گیا۔سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 7 جوان شہید ہو گئے جبکہ 5 دہشتگرد بھی ہلاک ہو گئے تھے۔

گزشتہ روز دتہ خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا اور فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی پناہ گاہ سے اسلحہ و بارود برآمد کیا گیا ہے،علاقے میں دہشتگردوں کے خاتمہ کیلئے آپریشن جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں بھی سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔

اسی طرح گزشتہ ماہ 31 اگست کو جنوبی وزیرستان کے ضلع عثمان منزہ میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے ایریا کلیئرنس کے دوران دھماکا ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں سپاہی واجد اللہ شہید ہو گئے۔ دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے سکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔

اس سے قبل دہشت گردوں نے افغان علاقے سے پاکستانی چوکی کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔ پاک فوج کی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید ہوئے۔ پاکستان نے افغان سرزمین دہشت گرد حملے کے لیے استعمال ہونے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

28 اگست کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ پاک فوج کے اہلکاروں کے پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فورس پر فائرنگ کی، جس پر اہلکاروں نے بھرپور مقابلہ کیا اور جوابی فائرنگ کی۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور باقی دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیراستعمال ہتھیار اور گولیاں بڑی تعداد میں برآمد کی گئیں ہیں۔

یاد رہے کہ بائیس اگست کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، جس کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد کے ساتھیوں کی تلاش اور موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے میں کئی گھنٹے طویل آپریشن کیا تھا۔ اس سے قبل 17 اور 18 اگست کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے فوجی چوکی پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں نائب صوبیدار سونے زئی شہید ہوگئے تھے اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.