ترین گروپ کے مزید اراکین کی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات، قیادت پر اعتماد کا اظہار

257

لاہور: جہانگیر ترین گروپ کو ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ترین گروپ کے مزید اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کر کے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔ 

 
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال، خواجہ داؤد سلمانی اور عبد الحئی دستی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے رہنماؤں نے عثمان بزادر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی اور اس کی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 
خیال رہے کہ نذیر چوہان پہلے ہی ترین گروپ سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں جبکہ گزشتہ روز سردار خرم لغاری نے بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔

 

ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے جہانگیر ترین گروپ کے مزید اراکین کی جانب سے بھی رابطوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جلد ترین گروپ کے مزید اراکین وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ 25 اگست کو پنجاب سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے نذیر چوہان نے دعوی کیا ہے کہ ترین گروپ کے 11 اراکین جلد علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کریں گے۔ ترین ہم خیال گروپ سے علیحدگی اختیار کرنے والے پنجاب کے ایم پی اے نذیر چوہان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آج وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی اور میں نے وزیراعظم سے اپنی غلطی پر معافی مانگ لی ہے۔ میں نے وزیراعظم سے کہا کہ اپنے عمل پر شرمندہ ہوں آپ میرے قائد ہیں معاف کر دیں جبکہ  پہلے مجھے ڈانٹ پڑی پھر سرزنش کے بعد معافی مل گئی اور پھر وزیراعظم نے مجھے بلدیاتی الیکشن میں متحرک ہونے کا حکم دیا ہے۔

نذیر چوہان نے کہا تھا کہ میں نے وزیر اعظم کو بتایا ہے کہ بہت سے لوگ ترین گروپ چھوڑنا چاہتے ہیں اور ترین گروپ کے 11 اراکین جلد علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کریں گے اور میں جلد ان ارکان کی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کراؤں گا۔

 

 

تبصرے بند ہیں.