محمد رضوان ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر بن گئے

243

لاہور: پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کھیل کے میدان میں ایک اور کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے ایک ہی کیلینڈر سال میں 1300 سے زائد رنز بنائے۔

محمد رضوان نے گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب کیخلاف 65 رنز بنائے اور نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے ایک ہزار رنز مکمل کئے۔ اس ٹورنامنٹ میں محمد رضوان خیبرپختونخوا ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ رواں سال سب سے زیادہ 1317 رنز بنا چکے ہیں۔

کیوی کھلاڑی گلین فلپس 1263 رنز کا ڈھیر لگا کر دوسرے جبکہ برطانوی کرکٹر لیام لونگسٹن 1238 رن کیساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

خیال رہے کہ قومی بلے باز محمد رضوان ایک کیلینڈر سال میں 1300 سے زائد ٹی ٹونٹی رن سکور کرنے والے پاکستان کے تیسرے بلے باز ہیں۔ اس سے پہلے کپتان بابر اعظم نے 2019ء میں 1607 جبکہ جارحانہ بیٹسمین عمر اکمل نے 2016ء میں 1386 رنز بنا چکے ہیں۔

کرکٹر محمد رضوان کے ٹی ٹونٹی کیرئیر کے مجموعی اعدادوشمار پر نظر دوڑائی جائے تو وہ اب تک 148 ٹی ٹونٹی میچ کھیل کر 3281 رنز بنا چکے ہیں۔

یکم جون 1992ء کو پشاور میں پیدا ہونے والے محمد رضوان نے بطور وکٹ کیپر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ سابق کپتان سرفراز احمد کے ٹیم سے نکلنے کے بعد انہوں نے بیٹنگ اور فیلڈنگ کے میدان میں خوب محنت کرکے اپنی جگہ بنائی اور قومی ٹیم کی ضرورت بن گئے۔ اس نوجوان بلے باز نے کئی مواقع پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو مخالف ٹیموں کیخلاف فتح دلوائی۔

محمد رضوان کے انٹرنیشنل کیریئر کی بات کی جائے تو یہ نوجوان کھلاڑی اب تک 17 ٹیسٹ میچ کھیل کر 914 رنز بنا چکا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا زیادہ سے زیادہ سکور 115 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھی محمد رضوان کی کارکردگی شاندار رہی، انہوں نے اب تک 41 میچ کھیل کر 864 رنز بنائے ہیں، اس فارمیٹ میں بھی ان کا سب سے زیادہ سکور 115 ہے۔

انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ کی بات کی جائے تو اس میدان میں محمد رضوان کا بلا رنز اگلتا رہا، نوجوان بلے باز نے 43 میچ کھیل کر 1065 رنز بنائے اور اب تک اس میں ان کا زیادہ سے زیادہ سکور 104 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

تبصرے بند ہیں.