فضل الرحمان کا انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ بننے سے انکار

113

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو لال جھنڈی دکھا دی۔ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ بننے سے انکار کر دیا۔ 

 
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی سے رابطہ کر کے انتخابی اصلاحات کمیٹی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کسی انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ نہیں ہوگی۔

 
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کسی پلیٹ فارم پر عمران خان حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھے گی، پی ڈی ایم کا حصہ ہونے پر ن لیگ کوکسی بھی معاملے  پر اسے اعتماد میں لینا ہوگا۔

 
یاد رہے کہ حکومت اور اپوزیشن نے انتخابی اصلاحات پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پارلیمانی کمیٹی دونوں ایوانوں کے اراکین پر مشتمل ہو گی جبکہ کمیٹی بنانے کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں علیحدہ علیحدہ تحاریک پیش ہوں گی جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی رہنماؤں کی مشاورت  سے کمیٹی بنائیں گے۔ اعلامیے کے مطابق کمیٹی انتخابی اصلاحات کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے گی۔

 گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے۔ الیکشن کمیشن نے نئی ‏حلقہ بندیاں 2017 کی مردم شماری رپورٹ، آر ٹی ایس اور آر ایم ایس کی گزشتہ انتخابات میں سامنے آنے والی خامیاں نادرا سے مل کر دور کرنے کی ہدایت کی۔

الیکشن کمیشن نے غلطیوں سے پاک الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرنے کی ہدایت ‏کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنیکل کمیٹی ای وی ایم پر جائزہ جلد مکمل کرے۔ غلطی اور خامی سے پاک ٹیکنالوجی کے استعمال کے حق میں ‏ہیں، حکومت کی جانب سے تاحال ای وی ایم سے متعلق مانگی گئی چیزیں فراہم نہیں ‏کی گئیں۔

تبصرے بند ہیں.